رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے انسانی حقوق کے مندوبین نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کے بدنام زمانہ ’عسقلان‘ زندان میں قید فلسطینی خاتون سوزان العویوی پر ہولناک تشدد کیا جا رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’اسیران کلب‘ کے مندوب فراس الصباح نے بتایا کہ جب سے اسیرہ العویوی کو حراست میں لیا گیا تب سے اسے صیہونی جلاد عسقلان جیل میں مسلسل جسمانی اذیتیں دے رہے ہیں۔الصباح نے 40 سالہ اسیرہ العویوی کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد بتایا کہ العویوی کو اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر سے پانچ جون کو حراست میں لے لیا تھا۔ وہ تین بچوں کی ماں ہیں۔ گرفتاری کے بعد انہیں ’عسقلان‘عقوبت خانے میں ڈال دیا گیا ان پر مسلسل انسانیت سوز تشدد جاری ہے۔ صیہونی جلاد العویوی پر عائد الزامات کا اعتراف کرنے کے لیے اس پر تشدد کررہے ہیں۔ انسانی حقوق کے مندوب نے بتایا کہ وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے کے باعث العویوی کے جگر اور جسم میں شدید تکلیف ہے۔
دوسری جانب العویوی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ صیہونی حکام نے ان کی بیٹی کو وکیل کی خدمات حاصل کرنے سے بھی محروم رکھا ہے اور اسے مسلسل تنگ اور تاریک قید خانے میں ڈالا گیا ہے جہاں اسے بنیادی انسانی حقوق بھی میسر نہیں ہیں۔
صیہونی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ تین بچوں کی ماں العویوی اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں تاہم ان پر کوئی ٹھوس الزام عائد نہیں کیا گیا ہے۔