(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک یہودی آباد کار کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم اس واقعے میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں مل سکی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ بیت لحم میں ’’ھار حوما‘‘ یہودی کالونی کے قریب نامعلوم افراد نے یہودی آباد کاروں کی گایک کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس واقعے میں کار میں سوار افراد کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد حملہ آور بہ حفاظت فرار ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے ھار حوما یہودی کالونی کے قریب سڑکوں پر پیدل چلنے والے فلسطینیوں اور گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔
اسرائیلی فوج نے بیت ساحور کے مقام پر فلسطینیوں کی دکانوں پر بھی چھاپے مارے اور دکانوں پر لگے کلوز سرکٹ کیمرے اتار لیے گئے۔
قبل ازیں ایک فلسطینی نوجوان نےالخلیل شہر کے قریب واقع صیہونی بستی کریات اربع ٹاؤن میں صیہونی فوج کی ایک گاڑی کو الٹ دیا تھا جس کے نتیجے میں چاراسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کے نتیجے میں اسرائیل کے خلاف تیسری تحریک انتفاضہ شروع ہوگئی ہے جسے تحریک انتفاضہ قدس کا نام دیا گیا ہے۔
یکم اکتوبردوہزار پندرہ سے جاری تحریک انتفاضہ قدس کے دوران صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں دوسو پچیس سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطینیوں کے جوابی حملوں میں کم سے کم چالیس صیہونی فوجی بھی مارے گئے۔