مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین اتھارٹی کے ہاں متعین قطری سفیر محمد العمادی نے سوموار کے روز غزہ کی پٹی حکام سے "موفنبیک” ہوٹل میں امدادی پیکیج پر دستخط کیے۔ قطر کی جانب سے اعلان کردہ رقم ماضی میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی کے عوام کی ضروریات کے پیش نظر نئے منصوبوں کے افتتاح پر صرف کی جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قطری سفیر کا کہنا ہے کہ پوری قطری قوم، امیر قطر دل و جان سے اہل غزہ کے ساتھ ہیں اور ہر مشکل میں اہالیان غزہ کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں گے۔
نئی اسکیمیں
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قطر کی جانب سے غزہ کی پٹی میں سابقہ جاری منصوبوں کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ 15 نئے منصوبوں کی بھی منظوردی گئی ہے۔ نئے منصوبوں میں غزہ کی پٹی میں "حمد سٹی” کے نام سے قائم کی گئی رہائشی کالونی کا فیز 2 ، سوریج سسٹم کی بہتری، حمد ہائوسنگ سوسائٹی میں جامع مسجد، پارک، اسکول اور دیگر ضروری تعمیرات بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نئے منصوبوں میں شاہراہ الرشید کو 2300 میٹر تک پکی کرنا بھی شامل ہے۔ یہ سڑک 40 میٹر چوڑی ہوگی جس پر کم سے کم 10 ملین ڈالر کی رقم صرف کی جائے گی۔
نئے منصوبوں میں غزہ کی پٹی کے زرعی علاقوں تک رسائی کے لیے استعمال ہونے والی سڑکوں کی تعمیرو مرمت، زرعی اجناس کو موسم اوربارشوں سے بچانے کے لیے گوداموں کا قیام اور جنوبی غزہ کی پٹی میں "الامل” ہائوسنگ سوسائٹی میں اسکول اور پارک کا قیام بھی شامل ہے۔ نئے منصوبوں میں غزہ کی پٹی میں شاہراہ مراکشی اور شاہراہ صلاح الدین کے چوتھے مرحلے کی تعمیرو مرمت بھی شامل ہوگی۔
عطیات کی مد میں حاصل ہونے والی رقم
قطری سفیر نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے حکومت کی طرف سے فراہم کردہ رقم کے نصف کے برابر رقم شہریوں اور مخیر حضرات کی جانب سے عطیات کی شکل میں بھی حاصل کی گئی ہے۔ العمادی کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں زیر تکمیل 407 اسکیموں میں نصف اسکیمیں عطیات کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں 50 ملین ڈالر کی رقم سے 1000 مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں جن سے غزہ کی پٹی کے 1000 خاندانوں کو مکان کی چھت میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے جب کہ دوسرااور آخری مرحلہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
