مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی ریاست کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں پر عرصہ حیات تنگ کرتے ہوئے ان کے مزید درجنوں مکانات اور دیگر املاک کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی حکام کی طرف سے جاری کردہ نئے حکم ناموں میں مشرقی بیت المقدس میں بدوی سوسائٹی میں فلسطینیوں کی 40 املاک کو سرخ لکیر کے ساتھ ظاہر کرتےہوئے انہیں مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے ہیں۔ایک مقامی فلسطینی شہری جمیل حمادین نے خبر رساں ایجنسی’قدس پریس‘ کو بتایا کہ گذشتہ روز اسرائیلی سول ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں اور پولیس پر مشتمل ایک گروپ نے مشرقی بیت المقدس میں خان الاحمر کے مقام پر چھاپہ مارا۔ صہیونی حکام نے اس علاقے کو فوجی زون قرار دے کر فلسطینیوں کو اس میں آمد ورفت سے روک دیا۔
حمادین نے بتایا کہ صہیونی حکام اپنے ساتھ مکانات مسماری کے نوٹس بھی لائے تھے۔ ان نوٹسز میں رہائشی مکانات، مویشیوں کے باڑے اور دیگر املاک شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے مجموعی طور پر 40 املاک کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔