ہلال احمر فلسطین کے ایمرجنسی و ایمبولینس سروس کے ایک عہدیدار امین ابو غزالہ نے بتایا کہ بیت المقدس کے مقامی باشندوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان آنکھ مچولی بدھ کی شام اس وقت شروع ہوئی جب قابض فوج نے شعفاط کالونی میں ایک فلسطینی شہری کا مکان، ایک دکان اور متعدد دیگر عمارتیں مسمار کرنے کے بعد جگہ جگہ سیمنٹ کے بھاری بلاکس کے ذریعے راستوں کی ناکہ بندی کردی۔ اس کے بعد رات بھر صہیونی فوجیوں اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان کشیدگی جاری رہی۔ آخری اطلاعات تک صہیونی فوج کی فائرنگ، آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کےحملوں سے 36 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے چار افراد کی آنکھوں اور چہروں پر گولیاں لگی ہیں جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ دیگر زخمیوں کو ہداسا اسپتال منتقل کرد یا گیا ہے۔
ابو غزالہ کا کہنا تھا کہ ان کی ایک ایمبولینس زخمی کو لے کررام اللہ جا رہی تھی جہاں قلندیا چوکی پرصہیونی فوجیوں نے کئی گھنٹے روکے جانے کے بعد آگے جانے دیا۔
ایک دوسرے فلسطینی سماجی کارکن ثائر فسفوس نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کی مدد سے مظاہرین پر پانی پھینکے سے سیکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں، ان میں زیادہ ترطلباء شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے داغی گئی ربڑ کی ایک گولی 21 سالہ عمار محمد علی نامی طالب علم کی آنکھ میں لگی جس کے نتیجے میں اس کی آنکھ ضائع ہوگئی ہے۔ ربڑ کی گولیوں سے کئی دوسرے افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
شعفاط میں کرفیو نافذ
مقامی شہریوں اور ذرائع ابلاغ کے مطابق بیت المقدس کے شعفاط پناہ گزین کیمپ اور شعفاط کالونی میں فلسطینی مظاہرین کے خلاف کارروائی کے لیے اسرائیلی فوج نے رات بھر کرفیو لگائے رکھا۔ اس کے باوجود فلسطینی گھروں سے باہرنکلتے اور صہیونی فوجیوں پر سنگ باری کرتے رہے ہیں۔ صہیونی فوجیوں کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ گلی محلوں اور سڑکوں پر مظاہرے کرنے والوں پرصہیونی فوجیوں نے آنسو گیس کا اندھا دھند استعمال کیا جس کے نتیجے میں نہ صرف سڑکوں پرموجود شہری متاثر ہوئے بلکہ زہریلی گیسوں کے مضر اثرات سے گھروں میں موجود خواتین اور بچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
صہیونی فوجیوں نے بیت المقدس میں شعفاط کیمپ کے قریب بنائی گئی ایک عارضی فوجی راہ داری کو ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا جس کے نتیجے میں رات بھر فلسطینی سڑکوں پر سخت سردی میں کھڑے رہے۔
صہیونی فوجی اہلکاروں نے شعفاط میں ایک گرلز اسکول پربھی چھاپے مارے اور وہاں پرموجود فلسطینی شہریوں کو پانی پھینکا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
