گلشن اقبال میں واقع سفاری پارک کے ہونے والے بم دھماکے میں دو افراد شہید جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، شہید و زخمی ہونے والوں کو جناح اور آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا، شہید ہونے والے افراد کے نام مولانا منظور حسین اور امتیاز علی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دھماکہ ایک بس کے قریب ہوا جو جامعہ کراچی سے آرہی تھی، بس میں سوار افراد یوم القدس ریلی میں شرکت کیلئے جا رہے تھے، دھماکے سے بس اور ایک کار مکمل طور پر تباہ اور سائن بورڈ گرگیا، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی۔ دھماکے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں۔ دھماکے کے بعد یونیورسٹی روڈ، صدر اور کئی علاقوں میں ٹریفک شدید جام ہوگیا جبکہ شہر کے دیگر علاقوں سے آنے والی ریلیوں کی سیکوریٹی بھی سخت کردی گئی۔ کمشنر کراچی کے مطابق دھماکہ ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا ہے۔
اس موقع پر جائے وقوعہ پر موجود مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما مولانا صادق رضا تقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دہشت گردی کا ذمہ دار صرف اور صرف امریکہ و اسرائیل کو تصور کرتے ہیں اور دہشت گردوں اور ان کی سرپرستی کرنے والے عناصر پر یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اگر وہ یہ لوگ اس طرح کے دھماکے کرکے ہمیں اسرائیل و امریکہ کی مخالفت سے روکنا چاہتے ہیں تو وہ یہ جان لیں کہ ہم ہر روز امریکہ کے خلاف ریلی نکالیں گے اور ہر روز القدس کی آزادی کی صدا کو بلند کریں گے، چاہے اس کے لئے ہمیں مزید جانیں کیوں نہ دینا پڑیں۔