فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کے مطابق چار فلسطینیوں نے پچھلے سال یکم اکتوبر کو’ایتمار‘ یہودی کالونی کے قریب دو یہودی میاں بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ مقتول یہودی اسرائیلی فوج میں ایک عہدے پر تعینات رہ چکا تھا۔
قدس پریس نے سزا پانے والے ایک فلسطینی کے عزیز عبداللہ حمد کے حوالے سے بتایا کہ سالم کی فوجی عدالت نے ان کے بھائی یحییٰ اور تین دوسرے فلسطینیوں کو یہودی جوڑے کے قتل کے جرم میں دو دو بار عمر قید اور تیس سال اضافی قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
الحاج حمد نے بتایا کہ صہیونی فوجی عدالت نے اسیران یحیٰ، امجد علیوی، کرم المصری اور سمیر الکوسا کو کل بدھ کے روز سزا سنائی اور انہیں یہودی جوڑے کے قتل کا قصور وار قرار دیا گیا۔ قتل کے علاوہ ملزمان پر فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام میں شمولیت اور اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں حصہ لینے کے الزام کے تحت بھی سزا سنائی گئی ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوجی یہودی جوڑے کے قتل میں قصور وار قرار دیے گئے پانچ فلسطینیوں کے گھروں کو بھی مسمار کر چکی ہے۔