(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے شمالی علاقے وادی عارہ میں ’’زلفہ‘‘ کے مقام پر آج بدھ کو علی الصباح اسرائیل کا بغیر پائلٹ ’’ھیرون 1‘‘ نامی ایک ڈرون طیارہ فلسطینی آبادی پرآگرا جس کےنتیجے میں کم سے کم 25 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کے زیراستعمال ایک ڈرون طیارے کو شمالی فلسطین کے وادی عارہ کے علاقے میں حادثہ پیش آیا ہے۔اسرائیلی اخبار’’ہارٹز‘‘ نے اپنی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک خبر میں صرف اتنا بتایا کہ ایک ڈرون طیارہ وادی عارہ میں زلفہ کے مقام پر گرا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈرون طیارہ زلفہ کے مقام پر ایک فلسطینی شہری کے گھر پرآگرا جس کے نتیجے میں طیارے کو آگ لگ گئی۔ طیارے کے حادثے اور آگ لگنے کے نتیجے میں 13 بچوں سمیت 25 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ ڈرون طیارے کے حادثے میں ایک کار کو بھی آگ لگ گئی جب کہ ایک مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
حادثے کے فوری بعد اسرائیلی فوج کا فائر بریگیڈ کا عملہ اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ایمبولینسوں کی مدد سے اسپتالوں میں پہنچایا ہے۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔