(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غاصب صیہونی فوجیوں نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر حملے کر کے کم سے کم بائیس فلسطینیوں کو اغوا کر لیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کی صبح مغربی کنارے کے شہروں، جنین، نابلس، قلقیلیہ، بیت لحم اور الخلیل پر حملے کیے اور اندھادھند فائرنگ کر کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی۔رپورٹ کے مطابق صہیونی فوجیوں نے کئی مقامات پر فلسطینیوں کے گھروں کی تلاشی لی اور کم سے کم اٹھارہ افراد کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق غاصب صہیونی فوجیوں نے بدھ کی صبح غزہ پٹی کے مرکزی علاقے میں بھی فلسطینیوں کے گھروں پر فائرنگ کی ہے۔ مقامی ذرائع اورعینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غزہ کی کنٹرول لائن پر قائم اسرائیلی چیک پوسٹ سے مشرقی دیر البلح پر زبردست فائرنگ کی گئی تاہم کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ صہیونی فوجیوں نے غزہ کے ساحلوں پر کھڑے فلسطینی ماہی گیروں کے ایک گروپ کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے اور کم سے کم چار ماہی گیروں کو اغوا کر لیا ہے۔
اسرائیل کے جنگی طیاروں نے گزشتہ رات مرکزی غزہ پٹی کے علاقے البریج کیمپ کے قریب واقع فلسطینیوں کی زرعی اراضی کو بھی نشانہ بنایا تھا۔