رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں کل منگل کو گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں قابض صیہونی فوج نے 21 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کو تلاشی کے دوران 21 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے بعض فلسطینی اسرائیلی فوج کو مختلف مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کو شمالی غرب اردن کے شہر طولکرم میں جلقموس اور میثلون، جنین ، القدس میں ابو دیس اور حزما، اور الخلیل میں بیت امر کے مقام پر چھاپے مارے اور چھ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ تلاشی کی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج نے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔ اس دوران سڑکوں پر اسرائیلی فوج گشت کرتی رہی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے مشرقی طولکرم سے سابق اسیر رامی سمیر ابو سمرہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
اسرائیلی فوج نے شمالی شہر میں دیر الغصون کے مقام پر تلاشی کے دران ادھم ابو عیسیٰ کو حراست میں لیا۔ جنین میں عنزہ کے مقام پر تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کا فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن روز کا معمول ہے۔ قابض اسرائیلی حکام نے 6500 فلسطینیوں کو جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔