(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے 20 ماہ تک انتظامی حراست میں رکھنے کے بعد فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے ایک مقامی لیڈر الشیخ جعفر عزالدین کو رہا کردیا۔ عزالدین مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے جنوبی قصبے عرابہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
جنین کے مقامی ذریعے نے بتایا کہ جعفر عزالدین کو اسرائیلی فوجیوں نے کل جمعرات کے روز رہا کیا۔ ان کے جنین پہنچنے کے بعد بڑی تعداد میں شہری ان کی رہائش گاہ پران سے ملنے پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق رہائی کے فوری بعد اسلامی جہاد کے رہنما نے اسرائیلی جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والے صحافی محمد القیق کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
قبل ازیں اسرائیلی فوجیوں نے جعفر عزالدین کو الخلیل شہر کی الظاہریہ پولیس چوکی سے رہا کیا جس کے بعد وہ ایک جلوس کی شکل میں جنین پہنچے تھے۔ رہائی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جعفرعزالدین نے کہا کہ اسرائیلی دشمن کے زندانوں میں قید فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ وطن اور قوم کی خاطر تمام مشکلات جھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ اسلامی جہاد کے رہنما جعفر عزالدین ماضی میں بھی اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل رہ چکے ہیں۔
