(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں قائم اسرائیلی بلدیہ کی جانب سے شہر کے مشرقی قصبے العیسویہ میں رہائش پذیر فلسطینیوں میں مکانات مسماری کے تازہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق العیسویہ میں فالو اپ کمیتی کے رکن محمد ابو الحمص نے میڈیا کو بتایا کہ سوموار کے روزصہیونی فوجیوں اور بلدیہ کے اہلکاروں پر مشتمل ایک گروپ نے عیسویہ قصبے میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے، مکانوں کی تصاویر اتاریں اور اس کے بعد ان کے مسماری کے نوٹس جاری کیے۔ابو الحمص نے بتایا کہ صہیونی حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں سے بیشتر پرمکانات کے مالکان کا نام درج نہیں کیا گیا بلکہ مکانوں کے بیرونی دروازوں پر مسماری کے نوٹس چسپا کیے گئے ہیں۔
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ جن مکانات کی مسماری کے تازہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں سے بعض پانچ سال پہلے اور کچھ 20 سال پرانے مکانات بھی شامل ہیں۔ ان میں مقامی شہریوں محمود، عبدالغنی، علیان اور مجاھد نامی شہریوں کے مکانات شامل ہیں۔
فلسطینی سماجی کارکن کا کہنا ہے کہ عیسویہ میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کے اندھا دھند نوٹسز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ظالمانہ پالیسی کا مقصد مقامی فلسطینی شہریوں کو وہاں سے بے دخل کرنا اور عیسویہ یہودی آباد کاروں کا کنٹرول مضبوط کرنے کی سازش کو آگے بڑھانا ہے۔
