طوباس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے شمالی وادی اردن کے علاقے طوباس میں فلسطینی شہریوں کو اپنے 16 مکانات مسمار کرنے کے تازہ نوٹس جاری کیے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق طوباس شہر کے مقامی فلسطینی سماجی کارکن اور صہیونی آباد کاری کےامور کے نگران معتز بشارات نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے زیرانتظام’سول انتظامیہ‘ نے وادی اردن کے شہر طوباس میں ’الدیر‘ اور ’کردلۃ‘ کے مقامات پر فلسطینیوں کے 16 رہائشی مکانات اور متعدد دیگر املاک مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے۔ ان حکم ناموں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلسطینی شہریوں نے مذکورہ مکانات اور املاک اسرائیلی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کیے تھے۔معتز نے بتایا کہ شمالی وادی اردن میں صہیونی حکام کی طرف سے فلسطینی شہریوں کو املاک کی مسماری کے نوٹس کا اجراء معمول کی بات ہے۔ بغیر اجازت کے مکانات کی انہدامی کارروائیوں کی آڑ میں صہیونی ریاست وادی اردن سے فلسطینی آبادی کا صفایا کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے وادی اردن میں فلسطینی شہریوں کی املاک کے خلاف جاری صہیونی پالیسی کی روک تھام کے لیے عالمی اداروں کو اپنا موثر کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ وادی اردن میں فلسطینیوں کی املاک نہیں بلکہ فلسطینی شہری صہیونی ریاست کی انتقامی کارروائیوں کے نشانے پر ہیں۔