(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کو اسرائیلی حکام نے 15 سال قید میں رکھنے کے بعد گذشتہ روز رہا کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رہائی پانے والے فلسطینی اسیر باسم التمیمی کا آبائی تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ سے ہے۔انسانی حقوق کی تنظیم کلب برائے اسیران کے مطابق باسم تمیمی کو اسرائیلی فوج نے 2001ء میں گرفتار کیا تھا۔ اس پر فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ تعاون کرنے اور اسرائیلی فوج کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں حصہ لینے کا الزام عائد کیا گیا۔
گذشتہ روز اسے بدنام زمانہ’عوفر‘ جیل سے رہا کیا گیا جہاں رہائی کے بعد رام اللہ میں اس کے گھر میں جشن کا ساماں تھا۔ شہریوں کی بڑی تعداد باسم التمیمی کی رہائش گاہ پر اسے مبارک باد دینے جمع ہوگئی تھی۔