(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں دہشت گردی کے نتیجے میں شہید کی گئی تیرہ سالہ فلسطینی بچی کا جسد خاکی کئی گھنٹے قبضے میں رکھنے کے بعد اس کے ورثاء کے حوالے کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق الخلیل میں فلسطینی رابطہ کار نواف الجبور نے بتایا کہ صہیونی فوج نے شہیدہ رقیہ محمد ابو عید کے والد کو سیکیورٹی مرکز میں طلب کرکے اس کی شہید بیٹی کا جسد خاکی اسے حوالے کردیا ہے۔خیال رہے کہ 13 سالہ ابو عید کو صہیونی فوج نے گذشتہ روز شمالی بیت المقدس میں عناتا قصبے میں گولیاں مار کر شہید کردیا تھا جس کے بعد قابض فوج نے اس کا جسد خاکی قبضے میں لے لیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رقیہ ابو عید نے اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی جس پراسے گولیاں ماری گئیں تاہم عینی شاہدین نے صہیونی فوج کے اس دعوے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔
