فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں تلاشی کی کارروائیوں میں کم سے کم بارہ صحافی حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیے ہیں۔ حراست میں لیے گئے صحافی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم کی کوریج کی پیشہ وارانہ ذمہ داریان نبھا رہے تھے۔ حراست میں لیے گئے صحافیوں میں القدس انٹرنیشنل پریس کا ایک نامہ نگار محمد منا بھی شامل ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق "اسٹڈی سینٹر برائے حقوق اسیران فلسطین” کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے جنگی جرائم کی پردہ پوشی کے لیے ابلاغی اداروں کے کارکنوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ گذشتہ دو روز کے دوران مغربی کنارے سے کم سے کم 12 صحافیوں کو حراست میں لے کر جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔
حراست میں لیے گئے صحافیوں میں القدس پریس انٹرنیشنل سے وابستہ 32 سالہ محمد انور منا بھی شامل ہے۔ انور کو صہیونی فوج نے جولائی 2013ء کو بھی حراست میں لیا تھا اور اسے کئی ماہ تک انتظامی حراست میں رکھا گیا۔
