مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے مزید 12 فلسطینی شہریوں پر مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عاید کرنے کے ساتھ ساتھ 80 دن تک پرانے بیت المقدس میں جانے پر بھی پابندی عاید کر دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قابض صہیونی پولیس نے گذشتہ شام 12 فلسطینیوں کو اس شرط پر رہا کیا کہ وہ نماز کے لیے مسجد اقصیٰ میں آئیں گے اور نہ اگلے اسی دنوں تک پرانے بیت المقدس میں جا سکیں گے۔مقامی فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق صہیونی حکام کی طرف سے 12 فلسطینی شہریوں ھشام محمد البشیتیم مومن الکرکی، سعید نورین، مصطفیٰ نورین، یزن الحرباوی، محمد نجیب، عبداللہ الحرباوی، محمد مصباح ابو صبیح، احمد غربیہ، مجد عسیلہ ، محمود عدوین اور مفید اسعیدہ کے قبلہ اول میں داخلے اور پرانے بیت المقدس شہر میں جانے پر پابندی عاید کردی۔
خیال رہے کہ ایک ہفتہ پیشتر قابض صہیونی حکام نے 15 فلسطینی شہریوں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی عاید کی تھی۔ ان فلسطینیوں کو پندرہ روز سے چھ ماہ تک کی پابندیاں عاید کی گئی تھی۔