(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے 11 سال تک جیلوں میں قید رہنے والے ایک فلسطینی شہری ثائر نایف قندیل کو رہا کردیا جس کے بعد وہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قندیل کو رہائی سے چند روز قبل جزیرہ نما النقب جیل میں منتقل کیا تھا جہاں کل جمعرات کو اسے الخلیل شہر کےجنوب میں الظاہریہ چیک پوسٹ پرلایا گیا، جہاں اسے وصول کرنے لیے اس کےعزیزو اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بعد ازاں قندیل کو ایک قافلے کی شکل میں نابلس کے رفیدیا کے مقام پر اس کی رہائش گاہ تک لایا گیا۔خیال رہے کہ گیارہ سال بعد اسرائیلی جیل سے رہائی پانے والے فلسطینی نوجوان کے والد سرطان میں مبتلا تھے جو بیٹے کی جیل سے رہائی سے آٹھ ماہ قبل انتقال کرگئے تھے۔ فوتگی سے قبل انہوں نے جیل میں اپنے بیٹے سے ملاقات کی تھی۔ اس وقت وہ وہیل چیئر پرتھے۔ یہ ان کی بیٹے سے آخری ملاقات تھی۔
نایف قندیل کو صہیونی فوج نے 24 مارچ 2005 ء کو سولہ سال کی عمر میں حراست میں لیا تھا۔ اس پرفدائی حملے کی کوشش کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا جس میں اسے گیارہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ دوران حراست قندیل کو غیرانسانی سلوک کا بھی نشانہ بنایا گیا۔
