فلسطین کے ایک معروف سرمایہ کار نے گزشتہ اتوار کے روز غزہ سے ملحق مصری سرحد پر رفح کراسنگ کے قریب نامعلوم افراد کے حملے میں شہید ہونے والے 16 مصریوں کے خاندانوں کو فی خاندان 10 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کے روز عبد الدایم ایو مدین نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ مصر کی جانب سے فلسطینی قوم کے ساتھ یک جہتی اور مسئلہ فلسطین کے لیے اس کے تاریخی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وہ ذاتی طور پر یہ رقم شہید ہونے والے مصریوں کے پسماندگان کو دینگے۔ یہ ھدیہ فلسطینی قوم کی جانب سے مصری بھائیوں سے محبت کے اظہار کی ایک علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم ہر مصیبت میں مصری قوم کے ساتھ کھڑی ہوگی کیونکہ ان دونوں قومیوں کی خوشی اور غم ایک ہیں۔ یاد رہے کہ ابو مدین غزہ کی پٹی میں خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے حوالے سے معروف ہیں۔ انہوں نے چند ماہ قبل حماس اور اسرائیل کے مابین تبادلہ اسیران معاہدے میں رہائی پا کر غزہ پہنچنے والے فلسطینی اسیران کو 120 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان بھی کیا تھا، یہ اراضی ان کو اپنے والد کی طرف سے وراثت میں ملی تھی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
