(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقوں مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 10 فلسطینی شہریوں کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کو علی الصباح صہیونی فوجیوں نے بیت المقدس اور غرب اردن میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کی کارروائیوں میں ایک لڑکی کو حراست میں لے لیا گیا۔
کلب برائے اسیران کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الخلیل شہر میں تلاشی کی کارروائیوں کےدوران صہیونی فوجیوں نے یطا، سعیر اور السموع قصبوں میں چھاپے مارے جہاں سے ایک لڑکی سمیت چھ فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ حراست میں لیے جانے والوں میں معتصم فاروق مسالمہ، محمد صبری مسالمہ، ایاد موسیٰ الدغا مین، محمد حامد رواشدہ، محمد عیسیٰ الدغامین اور لڑکی آمال خضر مسالمہ شامل ہیں۔
تین فلسطینیوں کو بیت المقدس سے حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے ایک کی شناخت 34 سالہ سیف النتشہ کے نام سے کی گئی ہے جب کہ دو کی شناخت نہیں کی گئی۔ قلندیہ پناہ گزین کیمپ سے احمد عبداللہ نمر نامی شہری کو حراست میں لیا گیا۔ ادھر غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ البیر سے طاھر محمود یعقوب نامی ایک شہری کو گرفتار کیا گیا۔
کلب برائے اسیران کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو روز کے دوران قابض اسرائیلی فوجیوں نے رام اللہ البیرہ سے ایک لڑکی سمیت بیس فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
صہیونی فوجیوں نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم اور دیگر قصبات میں بھی فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔