(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ماہ رمضان المبارک میں القدس یکجہتی اور جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی مناسبت سے جاری مہم ’’یا قدس! ہم آ رہے ہیں‘‘ کے عنوان سے کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر آئی ایس او عباس ٹاؤن یونٹ کے
تعاون سے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے صیہونی مظالم کو آشکار کرنے کے لئے مورخہ20جون بروز پیر کو تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
تصویری نمائش کا مقصد عوام کے درمیان مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنا اور انبیاء علیہم السلام کی سرزمین مقدس فلسطین پر ڈھائے جانے والے 68سالہ صیہونی مظالم کی سیاہ تاریخ کو آشکار کرنا تھا تاہم اس موقع پر جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی مناسبت سے خصوصی لٹریچر کی تقسیم سمیت خصوصی ترانے بھی بجائے گئے جس کا مقصد یکم جولائی کو جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے حوالے سے تشہیر کرنا اور عوام تک قبلہ اوّل کی بازیابی کے لئے چلائی جانے والی عالمی تحریک آزادی القدس کا پیغام پہنچانا بھی تھا۔
فلسطینیوں کی مظلومیت پر مبنی تصویری نمائش میں سیکڑوں افراد بشمول نوجوانوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں نے شرکت کی اور قبلہ اوّل بیت المقدس پر غاصبانہ صیہونی تسلط کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے با شعور عوام فلسطینیوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت سمیت قبلہ اوّل بیت المقدس کی بازیابی کے لئے عالمی تحریک آزادی القدس کی حمایت کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ تصویری نمائش میں ایسی تصاویر آویزاں تھیں کہ جس میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کو با آسانی مشاہدہ کیا جا سکتا تھا، اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ذمہ داران نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے رمضان المبارک میں ملک بھر میں مختلف نوعیت کے پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں جن کا مقصد مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی حمایت کرنا ہے تاہم اس عنوان سے جاری مہم ’’یا قدس! ہم آرہے ہیں‘‘ کے تحت کراچی شہر کے مختلف علاقوں بشمول ابو الحسن اصفہانی روڑ، کھارادر، نارتھ کراچی ، صفورا چورنگی، ملیر، ناظم آباد سمیت رضویہ اور گلبہار کے علاقوں میں تصویری نمائشوں کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ یکم جولائی جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کی مناسبت سے ایم اے جناح روڈ پر بڑی تصویری نمائش کاانعقاد کیا جائے گا۔