لاہور( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں جمعہ اٹھاری مئی کو یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا اس عنوان سے جمعیت علماء پاکستان لاہور کے زیر اہتمام گلبرگ میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت علامہ قاری محمد زوار بہاد ر اور عثمان محی الدین نے کی ۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعیت علماء پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں فلسطینی عوام پراسرائیلی افواج کی طرف سے بم باری اور بے گناہ فلسطینی عوام کی شہادت کے خلاف یوم مذمت کے موقع پر لاہور میں جمعتہ المبارک کے بعد فردوس مارکیٹ گلبرگ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیلی حکام کی طرف سے بم باری اور سینکڑوں بے گناہ عوام کی شہادت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔عالم اسلام کے حکمران اگر اسرائیلی بربریت کے خلاف کچھ کرنے سے قاصر رہے تو فلسطینی عوام کا زندہ رہنا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اُمتِ مسلمہ میں قیادت کافقدان ہے جس کی وجہ سے مصر سے شام تک اور کشمیر سے فلسطین تک مسلمانوں کا خو ن بہہ رہاہے انہوں نے کہاکہ اب تک ہزاروں مظلوم فلسطینی عورتیں ،بچے اور نہتے عوام شہید کیے جاچکے ہیں اوراقوام عالم خاموشی کی تصویر بنا مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام دیکھ رہے ہیں۔پاکستان سمیت پوری دنیا کے عوام بے چین ہیں مگرامریکہ کا ناجائز بچہ اسرائیل مسلسل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور نوجوان اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے فلسطین جانے کو تیار ہیں مگر مسلم حکمران ان کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اگر مسلم حکمرانوں نے اپنی خاموشی نا توڑی اور فلسطینی مظلوموں کی مدد کے لئے میدان عمل میں نہ آئے تو دنیا بھر کے بپھرے ہوئے عوام ان کے تحت الٹ دیں گے۔ دریں اثناء ملک بھر میں 18 مئی بروز جمعتہ المبارک کوجمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینی عوام پر اسرائیل کی جارہانہ بم باری اور نہتے فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘منایا گیاپاکستان کے تمام بڑے شہروں میں جے یو پی کی صوبائی اور ضلعی تنظیمات کے زیر اہتمام جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ ملک بھر میں آئمہ اور خطباء نے خطبات جمعتہ المبارک میں نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیل کی طرف سے وحشیانہ بم باری کے خلاف خطاب کیا۔ لاہور میں حافظ نصیر احمد نورانی ، مفتی تصدق حسین، رشید احمد رضوی،ملک بشیر احمد نظامی،صاحبزادہ عثمان محی الدین ،قاری خلیل مہروی،مولانا محمد نعیم ،مولانا محمد سلیم اعوان،مفتی جمیل رضوی،مولانا شبیر احمد فریدی،مولانا سعید احمد اور دیگر نے بھی خطابات جمعہ میں احتجاجی خطابات کیے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ ،ساہیوال،سرگودھا،گجرات ،جہلم ،اوکاڑہ،رحیم یار خان،بہاولنگر، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوئٹہ میں بھی فلسطینی عوام پر اسرائیل کی جارہانہ بم باری اور نہتے فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ منایا گیا۔