(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اراکین نے کہا ہے کہ ۲۹ نومبر عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے عنوان سے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹیریٹ میں منعقد ہوا جس میں اراکین سرپرست کمیٹی سمیت رہنماؤں کی مشاورت سے معاشرے میں فلسطین اور کشمیر جیسے اہم مسائل کے لئے آگہی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور عالمی یوم یکجہتی فلسطین مہم کو بھر پور انداز میں آگے بڑھانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں رہنماؤں نے عالمی یوم یکجہتی فلسطین مہم کے ذریعے عوام میں مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی آگاہی کی ضرورت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل جیسی جعلی ریاست کو وجود میں لانا دنیا میں نا انصافی اور لاقانونیت کی سب سے بڑی مثال ہےجبکہ اسرائیل کا وجود عالمی ضمیر کے منہ پر طمانچہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی ستر سال سے اپنے حقوق سے محروم ہیں اور انسانی حقوق کے دعویدار حکمران اور حکومتیں اسرائیل کی غاصب ریاست کی حمایت میں سرگرم عمل ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن کے اراکین نے عالم اسلام کے اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو متحد ہو کر فلسطین کے لئے عملی جدوجہد کرنا ہو گی جبکہ فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل کا حل خطہ اور عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے۔
اجلاس میں شریک سابق رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسرار عباسی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، معروف سماجی رہنما بشیر سدوزئی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت ورکنگ کمیٹی کے اراکین مختار علی، قاسم خان کی موجودگی میں یکجہتی فلسطین مہم کو حتمی شکل دی گئی اور باقاعدہ پروگرام کا اعلان ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔