(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشیُ کا فوری نوٹس لیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے طابق گذشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر کی تحریک کل جماعت حریت کانفرنس کی جانب سے مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض فوجیوں کی نفری میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو پہلے ہی مسلسل تلاشی اور محاصرے کی جاری کارروائیوں، بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی کے چھاپوں اورسرکاری ملازمین ، طلبہ ، تاجروں ، صحافیوں ، وکلا ء ، دانشوروں اورسیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
حریت کانفرنس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں مزیدفوجیوں کی نفری کے ذریعے فسطائی مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں مختلف حیلے بہانوں سے لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہےجبکہ ماورائے عدالت قتل، نسل کشیُ، جبری گرفتاریاں، ظلم و تشدد، خواتین کے ساتھ ناروا سلوک، سیاسی سرگرمیوں پر قدغن اور تمام بنیادی انسانی حقوق کی پامالی روز کا معمول بن چکاہے۔
حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشیُ کا فوری نوٹس لیں اور کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے اورانہیں اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خودکرنے کا حق دینے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔