(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فلسطین سے آنے والے القدس پارلیمنٹ کے ممبران کے وفد نے بھی شرکت کی،اجلاس میں پاکستان اور فلسطین کے دیرینہ تعلقات پر مفصل بات چیت کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطین کی آزادی کی حمایت جاری رکھے گی،پاکستان نے ہمیشہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر برپا کیے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی ہے اور انہی مظالم کی وجہ سے پاکستان نے اسرائیل سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات مستقل طور پر ختم کردیئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہر فورم پر فلسطینیوں کی آزادی اور قبلہ اول کی واپسی کے لیے لڑ رہا ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ ممالک فلسطین کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ فلسطین پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔
سینیٹر رحمان ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مسلم امہ آج کئی حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے،اور مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل کے لیے امت مسلمہ کو اتفاق و اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔