نیویارک – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یورپی یونین نے فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یورپی یونین نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کے باعث مشرق وسطی کی صورت حال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔یورپی یونین نے یہ بات زور دے کر کہی کہ وہ اپنے عالمی اور علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مل کر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
اس سے پہلے امن کے لیے کام کرنے والی ایک نتظیم نے کہا تھا کہ اسرائیل، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں پندرہ سو نئے رہائشی یونٹ قائم کرنا چاہتا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر رہائشی یونٹ ایک نئے ٹاؤن میں تعمیر کئے جائیں گے کہ جس کی تعمیر کا حکم اسرائیل نے حال ہی میں دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دسمبر دو ہزار سولہ میں ایک قرار داد کے ذریعے اسرائیل سے فلسطینی علاقوں میں نئی بستیوں کی تعمیر روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
عالمی ادارے کی واضح قرارداد کے بعد صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے کہا تھا کہ اسرائیل اس قرار داد کی پابندی نہیں کرے گا۔