مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یورپی یونین نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے ’خان الاحمر‘ سے مقامی فلسطینی عرب شہریوں کی جبری بے دخلی کی صہیونی سازشوں کی شدید مذمت کی ہے۔ یورپی یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’ خان الاحمر‘ کے فلسطینی بدووں کو وہاں سے بے دخل کرنے سے باز رہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ و سیکیورٹی کمیٹی کی ہائی کمشنر فیڈریکا موگیرینی نے برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بیت المقدس کے نواحی علاقے ’خان الاحمر‘ سے مقامی فلسطینی آبادی کو جبرا بے دخل کرنے کی سازش کررہا ہے۔انہوں نے اسرائیل کو متنبہ کیا کہ وہ خان الاحمر کے فلسطینی عرب بدووں کو ان کے گھروں سے نکالنے سے باز رہے۔
مسز موگرینی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ خان الاحمر قصبے کے فلسطینی باشندوں کا جبری اںخلا روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔
خیال رہے کہ ’الخان الاحمر‘ قصبہ معالیہ ادومیم اور ’ کفار ادومیم‘ کالونی کے درمیان واقع ہے۔ اسرائیلی انتظامیہ اس قصبے کے مقامی فلسطینیوں کو وہاں سے نکال باہر کرنے کے لیے ان کے مکانات مسمار کرہا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی مندوبہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل خان الاحمر کے بعد سیکٹر E1 میں واقع فلسطینی بستیوں کو بھی خالی کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی مندوب نے خان الاحمر سے فلسطینی شہریوں کے انخلاء روکنے کا مطالبہ عرب رکن کنیسٹ احمد الطیبی کے مطالبے پر کیا ہے۔
انہوں نے حال ہی میں فیڈریکا موگرینی کو ایک مکتوب ارسال کیا تھا جس میں کہا تھا کہ اسرائیل خان الاحمر قصبے کے فلسطینی باشندوں کو وہاں سے جبرا بے دخل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ لہٰذا یورپی یونین خان الاحمر کے فلسطینی باشندوں کو تحفظ فراہم کرے۔