فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’عرب سوشل میڈیا ڈویلپمنٹ سینٹر‘ کے زیراہتمام ایک نئی مہم شروع کی گئی ہے جس میں ’گوگل‘ کی اسرائیل نوازی کو بے نقاب کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’گوگل‘ کی جانب سے اپنے ہاں تیار کردہ فلسطین کے نقشوں میں فلسطینی قوم کے مطالبات اور ان کے مؤقف کو نظرانداز کرکے اسرائیل کے مؤقف کی ترویج کی گئی ہے۔ فلسطینی شہروں میں جگہ جگہ قائم کردہ صیہونی کالونیوں کا ذکر ہے مگر وہاں پر فلسطینی شہروں کے ناموں کا کوئی ذکر نہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوگل کے نقشوں میں فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کے لیے قائم کی گئی چیک پوسٹوں، فوجی کیمپوں اور چوکیوں کا کوئی ذکر نہیں ملتا حالانکہ یہ چیک پوسٹیں فلسطینیوں کے لیے وبال جان ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی شہروں کے عربی اور اسلامی ناموں کے بجائے عبرانی ناموں کے ساتھ ظاہر کرنا صیہونی ریاست کے مؤقف کی ترویج کرنے کے مترادف ہے۔ گوگل نے ایسا کرکے اپنی غیرجانب دارانہ ساکھ کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گوگل کی طرف سے فلسطین کے حوالے سے غلط معلومات اور جعلی باتوں کو حقائق کے طور پر پیش کرنا سنگین غلطی ہے اور اس کے نتیجے میں پوری دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔