پیرس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کی خاتون وزیر برائے اقتصادی امور عبیرعودہ نے گذشتہ روز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اسرائیلی ہم منصب ایلی کوھین سے ملاقات کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزیرہ کی اسرائیلی وزیر سے ملاقات فرانس کے الیزیہ شاہی محل میں ہوئی۔ اس موقع پر فرانسیسی صدر امانویل میکرون بھی موجود تھے۔دونوں وزراء نے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان جاری مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی نے اعلان کیا تھا کہ اس نے صیہونی ریاست کے ساتھ سیکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں رابطے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم گذشتہ روز ہونے والی ملاقات سے ظاہرہوتا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی فلسطینی قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔ کیونکہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان براہ راست میل ملاپ کا سلسلہ جاری ہے۔
