مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی پولیس نے مالی بدعنوالی کے کیس میں صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو سے تیسری بار تفتیش کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی پولیس نے جمعے کے روز نتن یاہو کی رہائشگاہ پر ان سے رشوت ستانی کے کیس میں ایک بار پھر تفتیش کی۔اس موقع پر اسرائیل کی پولیس نے ان سے تحفے تحائف لینے کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی۔
اسرائیل کی پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ نیتن یاہو نے اندرون و بیرون ملک کمپنیوں کے مالکوں اور تاجروں سے دسیو ہزار ڈالر کے تحائف وصول کئے ہیں۔
اسرائیل کے ذرائع ابلاغ نے بھی جرمنی سے بحری آبدوز کی خریداری کے سودے میں نیتن یاہو کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ ان ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیویڈ شمرون اور نیتن یاہو نے اس سودے میں بے تحاشا دولت وصول کی ہے۔
اسرائیل کے ذرائع ابلاغ اور نیتن یاہو کے مخالفین نے اس سلسلے میں اسرائیل کی کورٹ کی جانب سے تفتیشی کارروائی شروع کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔