مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نےاپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے کرپشن کیسز سے متعلق تفتیش کے لیے پولیس نے جو سفارشات جاری کرنا تھیں وہ تحقیقی مواد اور شواہد اکٹھے کرنے تک چند ماہ کے لیے مؤخر کردی گئی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پولیس کے اس اقدام نے نیتن یاھو کی کرپشن سے متعلق کیسز کی تحقیقات کے معاملے میں کئی سوالات جنم دیے ہیں۔ آیا پولیس کا یہ حربہ وقت کے حصول کی کوشش اور موجودہ حکمران جماعت کی جانب سے اثر انداز نہ ہونے یا قبل از وقت انتخابات کے مطالبات کا مطالبہ نہ کیا جائے۔عبرانی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس کے تفتیش کاروں نے نیتن یاھو کے خلاف اندرون اور بیرون ملک تحقیقات کی درخواست دی تھی۔ پولیس کی جانب سے نیتن یاھو کے خلاف جاری تحقیقات کے آٹھویں دور میں نیتن یاھو سے پوچھ تاچھ کی جانی تھی۔
اخبار ’معاریف‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ نیتن یاھو نے ایک کاروباری شخصیت سے گراں قیمت کپڑے، سیگریٹ اور شیمپو حاصل کیے تھے۔
رپورٹ کے مطابق یہ بیش قیمت سوٹ اٹلی کے معروف فیشن مال ’بریونی‘ سے خرید کیے گئے تھے جن کی تعداد پانچ اور قیمت 50 ہزار ڈالر سے زیادہ تھی۔ یہ تمام تحائف نیتن یاھو کے دوست سبنسر پارٹریڈج کی جانب سے دیے گئے۔
