فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حال ہی میں ’ٹی جی آئی‘ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے مقبول اخبارات کے حوالے سے ایک سروے کا اہتمام کیا گیا۔ سروے جائزے کے مطابق ’’اسرائیل الیوم‘‘ کو سب سے مقبول اور زیادہ پڑھا جانے والا اخبار قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’’اسرائیل الیوم‘‘ کی مقبولیت کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ یہ مفت میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل ’’یدیعوت احرونوت‘‘ نامی عبرانی اخبار کو سب سے زیادہ مقبول اخبار قرار دیا گیا تھا۔ یہ دونوں اخبارات وزیراعظم نیتن یاھو اور مذہبی انتہا پسندوں کے ترجمان قرار دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ سروے میں یدیعوت احرونوت کو 37.6 فی صد لوگوں نے پسند کیا تھا جو اسرائیلی حکومت کے مقرب اخبارات میں پہلا مقبول اخبار قرار دیا گیا تھا۔ تازہ سروے میں ’’اسرائیل الیوم‘‘ نے 39.7 فی صد لوگوں کی حمایت حاصل کی ہے جب کی یدیعوت احرونوت کو 37.9 فی صد لوگوں نے مقبول اخبار قرار دیا۔
رواں سال کہ پہلی ششماہی کے آغاز میں کئے گئے ایک سروے میں ’’معاریف‘‘ اخبار کو یروشلم پوسٹ کی نسبت زیادہ مقبول اخیار قرار دیا گیا۔
معاریف کا صبح کا ایڈیشن بھی مفت تقسیم کیا جاتا ہے اور روزانہ اس کی تقریباً ایک لاکھ کاپیاں تقسیم کی جاتی ہیں۔
ہارٹز اخبار کے قارئین کی تعداد میں بتدریج کمی آئی ہے۔ رواں سال ہونے والے سروے میں اس کے قارئین کی تعداد 3.9 فی صد بتائی گئی جب کہ 2015ء میں اس کے قارئین کی تعداد 5.7 فی صد تھی۔
اخبار’کلکسٹ‘ جزوی طورپر مفت بھی تقسیم ہوتا ہے جب کہ یدیعوت احرونوت کا اقتصادی ایڈیشن مفت بانٹا جاتا ہے جس کے قارئین کی تعداد 11.3 فی صد بتائی جاتی ہے۔ ہارٹز گروپ کے ’دی مارکر‘ کے قارئین کی تعداد 5.4 اور گلوبز کی 4.6 فی صد بتائی جاتی ہے۔