مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کل جمعرات کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی مجاھدین کے ہاں جنگی قیدی بنائے گئے فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔ عبرانی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کی مغوی اسرائیلی فوجیوں کے اہل خانہ اور اقارب سے یہ پہلی ملاقات ہوگی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاھو کل جمعرات کو غزہ کی پٹی میں مجاھدین کے ہاں قید اسرائیلی فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔عبرانی اخبار کے مطابق یرغمالی فوجیوں کے بعض اقارب نے وزیراعظم سے ملاقات سے انکار کردیا ہے۔
عبرانی اخبار کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاھو ایک ایسے وقت میں مغوی یہودی فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کررہے ہیں جب دوسری طرف اسٹیٹ کنٹرولر نے غزہ کے فلسطینی اسیران کے ساتھ بدسلوک پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ اسٹیٹ کنٹرولر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حکمراں جماعت ’لیکوڈ‘ کے ارکان کی طرف سے فلسطینی اسیران کے اہل خانہ کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا گیا اور وزیراعظم یاھو نے اس پر خاموشی اختیار کیے رکھی ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2014ء کو غزہ کی پٹی میں مسلط کی گئی جنگ کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے متعدد اسرائیلی فوجی جنگی قیدی بنا لیے تھے۔ ان میں سے دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے زندہ یا مردہ ہونے کے بارے میں متضاد اطلاعات آئی ہیں۔
