(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) گذشتہ روز مصر کے ایک مسافر بردار طیارے کو فضاء میں اغواء کی خبرسامنے آئی تو اسرائیل کے جنگی طیارے بھی فوری طورپر حرکت میں آگئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق جیسے یہ اطلاع ملی کہ مصر کا ایک طیارہ اغوء کرلیا گیا ہے تو اس کےساتھ ہی اسرائیل کے ’’ایف 16 ‘‘ طیاروں کو فضاء میں الرٹ کردیا گیا تھا۔ اسرائیلی طیاروں نے فضائی حدود میں پروازیں بھی شروع کردی تھیں کہ اگر مصر کے اغواء کردہ طیارے کو اسرائیل کی طرف لانے کی کوشش کی گئی تو اسے روک کر اس کا راستہ تبدیل کرایا جائے گا۔رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیل کے جنگی طیارے اس وقت فضاء سے واپس آگئے جب یہ اطلاع ملی کہ اغواء کیا گیا مصری ہوائی جہاز قبرص اتارلیا گیا ہے۔
مصر کے ہوائی جہاز کے اغواء کے بعد اسرائیل کی ’’ارکیاع‘‘ نامی فضائی کمپنی نے قبرص کے لیے اپنی پرازیں روک دی تھیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز مصر کا ایک ہوائی جہاز ’’برج العرب‘‘ ہوائی اڈے سے اڑان بھرتے ہی اغواء کرلیا گیا تھا۔ طیارے پر عملے سمیت 81 افراد سوار تھے۔ بعد ازاں طیارے کو ہنگامی طور پر قبرص اتار لیا گیا تھا۔ اطلاعات ہیں کہ طیارے کو بازیاب اور اغواء کار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
