واشنگٹن – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی انتظامیہ کےا یک اعلی ذمے دار نے منگل کے روز کہا ہے کہ واشنگٹن اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن معاہدے تک پہنچنے کے لیے اب دو ریاستی حل کو بنیاد شمار کرنے کا مزید پابند نہیں رہا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے وہائٹ ہاؤس کے حالیہ دورے کے بعد سامنے آنے والا یہ موقف اس معاملے میں امریکا کی تاریخی ثابت قدمی سے متصادم ہے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وہائٹ ہاؤس کے مذکورہ سینئر اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی انتظامیہ آج کے بعد اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے حل کے واسطے کسی بھی معاہدے کی شرائط ڈکٹیٹ کرانے کی کوشش نہیں کرے گی.. بلکہ فریقین کے درمیان طے پائے جانے والے کسی بھی معاہدے کی حمایت کرے گی۔
اہل کار نے مزید کہا کہ "دو ریاستوں کی بنیاد پر ایسا حل جس سے امن نہ آ سکے اس کو کوئی بھی نہیں چاہتا”۔ انہوں نے کہا کہ "مقصد امن ہے خواہ یہ دو ریاستی حل سے حاصل ہو یا کسی دوسرے حل کے راستے.. بنیادی بات یہ ہے کہ یہ فریقین کی چاہت سے ہو”۔