بیروت (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس‘ کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے گذشتہ روز بیروت میں ‘ڈیموکریٹک گیدرنگ‘ کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ ولید جنبلاط سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، لبنان میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کو درپیش مسائل، لبنان کی امن و سلامتی میں فلسطینی پناہ گزینون کے کردار سمیت دیگر دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق کی قیادت میں جماعت کے وفد نے ولید جنبلاط سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ حماس کے وفد میں اسامہ حمدان، لبنان میں حماس کے مندوب علی برکہ، سیاسی شعبے کے انچارج احمد عبدالھادی جب کہ دوسری جانب لبنانی رکن پارلیمنٹ غازی العریضی اور جماعت کی مرکزی کونسل کے رکن ڈاکٹر بہا ابو کروم شریک ہوئے۔
