استنبول ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آزاد فلسطینی ریاست کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے مل کر اقوام متحدہ میں آواز اٹھانا ہوگی جب کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق استنبول میں فلسطین کی صورتحال پر او آئی سی کے غیر معمولی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی اور اسرائیلی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کی آزادانہ اورشفاف تحقیقات کرائی جائے۔پاکستان کے وزیراعظم نے آزاد فلسطینی ریاست کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اختلافات بھلا کر او آئی سی فورم سے مضبوط مؤقف دینا ہوگا اور فلسطینیوں کے لیے مل کر اقوام متحدہ میں آواز اٹھانا ہوگی جب کہ سلامتی کونسل فلسطین کے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین کے طور پرمنایا گیا۔