مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے فلسطین مائیکل لینک نے فلسطینی علاقوں میں صیہونی ریاست کے اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القدس اوپن یونیورسٹی کے زیراہتمام ایک تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں یو این مندوب نے کہا کہ فلسطینی علاقوں پرصیہونی ریاست کا قبضہ غیرقانونی اور غاصبانہ ہے۔ اسرائیل کو متنازع فلسطینی علاقوں میں کسی قسم کے تصرف کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔مائیکل لینک کا کہنا تھا کہ فلسطینی اراضی پر صیہونی ریاست کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ اسرائیل کو فلسطین میں عالمی قوانین کی ہرصورت میں پابندی کرنا ہوگی۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی القدس سے جبری بے دخلی کا کوئی آئینی، اخلاقی اور سیاسی جواز موجود نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر طاقت کے ذریعے قبضہ کر رکھا ہے اور اپنی فوجی طاقت کے ذریعے فلسطینیوں پر اپنے اقدامات مسلط کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی ریاست فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کو غیر سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی ریاست ارض فلسطین پر غیرقانونی طور پر قابض ہے، فلسطینی شہروں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر اور صیہونیوں کی آباد کاری عالمی قوانین کی رو سے غیرقانونی ہیں۔
مسٹر لینک کا کہنا تھا کہ صیہاونی ریاست بیت المقدس اور فلسطین کے حوالے سے منظور کی گئی قراردادوں کی صریخ خلاف ورزی کررہا ہے۔