قاہرہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) عرب ممالک کی نمائندہ پارلیمان نے اسرائیلی زندانوں میں اپنے حقوق کے لیے بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر مشعل السلمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں اپنے حقوق کی حمایت میں بھوک ہڑتال کرنےوالے اسیران کی ہڑتال مبنی برحق ہے اور ان پر طاقت کا استعمال اور ہڑتال روکنے کے لیے مکروہ ہتھکںڈے انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہیں۔عرب پارلیمان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ عرب دنیا فلسطینی اسیران کے بنیادی حقوق اور مطالبات کی حامی ہے۔
گذشتہ روز قاہرہ میں عرب پارلیمان کے اجلاس کے دوران ارکان نے ایک منٹ کے لیے ایوان میں کھڑے ہو کر بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
مشعل سلمی نے اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے فلسطینی قیدیوں پر ہراساں کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ عرب پارلیمان فلسطینیوں کے حقوق اور مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کی حامی ہے۔
