روم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی مہم چلانے والی عالمی تحریک بی ڈی ایس کا دائرہ پھیلتا جا رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے ایک عبری زبان اخبار اسرائیل ٹوڈے نے پیر کو لکھا ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کے خلاف بی ڈی ایس نامی عالمی تحریک اٹلی سمیت پوری دنیا میں تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اور یہ سلسلہ اسرائیل کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے۔اسرائیل ٹوڈے نے لکھا ہے کہ اطالوی طالب علموں میں بی ڈی ایس کی حمایت وسیع پیمانے پر بڑھتی جا رہی ہے۔ مذکورہ اسرائیلی اخبار نے لکھا ہے کہ اٹلی کی ٹورینو یونیورسٹی کی طلبا یونین نے بھی اسرائیلی ادارے تخنیون کے ساتھ تعاون منقطع کرنے کے سلسلے میں دی گئی کال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ روم میں لاسپنزا یونیورسٹی میں ایسے پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے جن میں ان اسرائیلی فوجیوں کی تصویریں دکھائی گئی ہیں جو فلسطینیوں پر تشدد کر رہے ہیں اور ان کے گھروں کو مسمار کر کے ان پر قبضہ کر رہے ہیں۔
اس درمیان اسرائیل نے آج دعوی کیا ہے کہ بی ڈی ایس تحریک کوشش کر رہی ہے کہ وہ یہودیوں کو دنیا میں برائی کا سرچشمہ قرار دے جبکہ بی ڈی ایس تحریک صیہونیت مخالف تحریک ہے۔