مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل میں رائے عامہ کےایک تازہ جائزے میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان ایک روزہ لڑائی کے دوران مزاحمت کار بالخصوص ’حماس‘ اسرائیل پر فاتح رہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی عبرانی ویب سائیٹ پر کیے گئے ایک پول کے مطابق 44 فی صد صیہونی آباد کاروں کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ایک دن کی جنگ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ جب کہ 27 فی صد رائے دہندگان نے اسرائیل کو فاتح قرار دیا۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حالیہ فضائی حملے کے بعد صیہونی حکومت اور سیاسی حلقوں میں اختلافات سامنے آئے ہیں۔ غزہ پر حملے کے حوالے سے اسرائیلی وزراء اور فوجی عہدیداروں کے بیانات میں واضح تضاد دیکھا جا رہا ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق 61 فی صد نے حماس اور اسرائیل کےدرمیان طے پانے والی جنگ بندی کی مخالفت کی جب 27 فی صد نے اس کی حمایت کی ہے۔