منامہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بین الاقوامی فٹ فیڈریشن (فیفا) نے اسرائیلی دباؤ کے تحت بحرین کی میزبانی میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں فلسطین میں صہیونی کالونیوں کی فٹ ٹیموں کا تنازع زیربحث نہ لانے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’فیفا‘ کی طرف سے باضابطہ طور پر بتایا گیا ہے کہ منامہ میں ہونے والی جنرل کانفرنس میں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی غیرقانونی صہیونی بستیوں کی فٹ بال ٹیموں کا معاملہ اجلاس کے ایجنڈے سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیفا کا کہنا ہے کہ منامہ میں ہونے والی کانفرنس میں فلسطین میں صہیونی بستیوں کی فٹ بال ٹیموں کا معاملہ زیربحث نہیں لایا جائے گا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ’فیفا‘ کی طرف سے یہ اعلان حیران کن اور ماضی میں کیے جانے والے فیصلوں کے برعکس ہے۔ فیفا کی گورننگ باڈی کی طرف سے اس طرح کے فیصلے کی توقع نہیں تھی۔
خیال رہے کہ ’فیفا‘ کی طرف سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں قائم کی گئی صہیونی بستیوں میں فٹ بال سرگرمیوں کو متنازع سمجھا جاتا رہا ہے۔ عالمی فٹ بال فیڈریشن نے متعدد بار اسرائیل کو خبرداربھی کیا ہے کہ وہ متنازع صہیونی کالونیوں میں فٹ بال کی سرگرمیاں بند کرے، کیونکہ ایسا کرنے سے بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن کی ساکھ مجروح ہو رہی ہے۔
حال ہی میں فیڈریشن کی طرف سے کہا گیا تھا کہ وہ منامہ کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس میں فلسطین میں یہودی بستیوں میں فٹ بال کھیلوں کا معاملہ زیر بحث لائیں گے۔
