غزہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں طبی خدمات انجام دینے والے ایک سرجن شامی نژاد ڈاکٹر سمیر کزکز نے یورپی ملکوں میں موجود اپنے دوستوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ کی پٹی پہنچیں جہاں ہزاروں فلسطینی اسرائیلی فوج کی بربریت کے باعث زخمی ہیں اورانہیں فوری طبی مدد کی ضرورت ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شامی ڈاکٹر سمیر کزکز نے یورپی ملکوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں بالخصوص ’Palmed‘ نامی طبی تنظیم کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ پہنچیں اور وہاں پر اپنے زخمی بھائیوں کے علاج میں ان کی مدد کریں۔ڈاکٹر کزکز نے اپنے ساتھیوں پر زور دیا ہے کہ وہ نہ صرف خود غزہ آئیں بلکہ بیرون ملک سے غزہ میں علاج کے لیے طبی سامان اور ادویات بھی ارسال کریں تاکہ غزہ کے اسپتالوں کو درپیش ادویات کی قلت کو دور کرنے میں ان کی مدد جاسکے۔
خیال رہے کہ 14 مئی کو اسرائیلی فوج غزہ کی مشرقی سرحد پر جمع ہونے والے فلسطینیوں پر اندھا دھند گولیاں چلائی تھیں جس کے نتیجے میں 65 فلسطینی شہید اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ 30 مارچ 2018ء سے جاری تحریک حق واپسی کے دوران اب تک ایک سو بیس فلسطینی شہید اور 12 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ غزہ کے اسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں۔
