عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض صہیونی افواج اور پولیس کی موجودگی میں رات گئے یہودی آباد کار فلسطینیوں کے مکانوں پر حملے کرتے، شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے، گھروں میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار کرتے رہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہودی شرپسندوں نے پرانے الخلیل شہر کی جبل جوہر، جبل جالس، حارہ ابو اسنینہ، حارہ الشیخ، الزاھد، المحاور اور دبویا کالونیوں میں یلغار کی اور شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ گھروں میں لوٹ مار کرتے رہے۔
ایک عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی شرپسندوں نے اسرائیلی فوج اور پولیس کی سرپرستی میں حارہ الشیخ میں ناصر اور کائد نامی شہریوں کے مکانوں پر سنگ باری کی اور دونوں مکانوں کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔ یہودی آباد کاروں نے دونوں مکانوں کے مکینوں کو باہر نکالا اور خود اندر گھس کر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کرتے رہے۔
یہودی شرپسندوں نے گھروں میں لوٹ مارکے دوران ایک کم عمر بچے عبداللہ ناصر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ہے۔ مقامی شہریوں نے یہودی شرپسندوں کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی تو قابض یہودی آباد کاروں نے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
