Â
کراچی(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات):- امریکی صدر کے پاکستان کے خلاف توہین آمیز بیانات کے رد عمل میں کراچی میں امریکن قونصل خانہ کے باہر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے احتجاج کیا،
احتجاج کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما پروفیسر این ڈی خان اور پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکرٹری سید طارق حسن نے کی، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، پی پی پی کے رہنما نجمی عالم، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کامران احمد، پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما شاہد غوری، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے کنور ارشد سمیت بلال قادری اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر رہنماؤں نے امریکا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکی صدر کے پاکستان مخالف بیانات اور جنوبی ایشیاء پالیسی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد اور امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ اس موقع امریکی قونصل خانے کے امریکی عملہ کی جانب سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ بد ترین اور ہتک آمیز سلوک کیا جس پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھرپور احتجاج کیا۔
Â

