(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )خلیجی ریاست کویت کا سلامتی کونسل کے جاری اجلاس میں اسرائیل کے مظالم پر شدید ردعمل۔ کویتی مندوب نے اسرائیل کے جرائم پر خاموش عالمی برادری کوبرابرکا مجرم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق خلیجی ریاست کویت نے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی پرعالمی برادری کی طرف سے اختیار کردہ مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے اسرائیل کو فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔
حالیہ دنوں میں فلسطین کے مختلف علاقوں بلخصوص صور باھر میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کی جانے والی فلسطینی مکانات کی مسماری کے حوالے سے بدھ کے روز ہونے والے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کویت کے مندوب منصور العتیبی نے کہا کہ صہیونی ریاست فلسطینی علاقوں پربالخصوص بیت المقدس اور غرب اردن پراپنا ناجائز تسلط مضبوط کرنے کے لیے فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے وہاں سے بے دخل کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کی خاموشی اسرائیل کے حوصلے مزید بلند کررہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے جرائم میں خوف ناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورت حال خوف ناک حد تک خراب ہے لیکن عالمی برادری کو اس کی فکر تک نہیں ہے۔
انہوں نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کویت اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کے شدید مذمت کرتا ہے اور اسرائیلی جرائم کے خلاف مستقل مزاحمت کرتا رہے گا۔
