ریاض (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی اخبار ہارآرتض نے لکھا ہے کہ سعودی عرب نے بدھ سے پہلی بار اسرائیل جانے کے لئے ہندوستان کی قومی ہوائی کمپنی ایئر انڈیا کو اپنی فضائی حدود سے گذرنے اور استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ریاض اور تل ابیب کے تعلقات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو کے ایک مہینے قبل انجام پانے والے دورہ ہندوستان میں دونوں حکومتوں کے درمیان حمل و نقل کے شعبے میں معاہدہ ہوا تھا جس کے مطابق ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان براہ راست پروازیں انجام پائیں گی۔ذرائع کے مطابق اسرائیل جانے کے لیے ’ایئر انڈیا‘ کو یمن کے جنوب سے جانا پڑتا ہے جو بہت لمبا راستہ ہے تاہم سعودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد بھارتی دارالحکومت نئی دلی ایئرپورٹ سے اسرائیل کے ایئرپورٹ تل ابیب تک فضائی سفر میں دو سے ڈھائی گھنٹے کم ہوجائیں گے۔ عرب ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی اسرائیل کے ساتھ قربت اور نزدیکی کی وجہ سے عالم اسلام کو بہت بڑے خطرے کا سامنا ہوگیا ہے سعودی عرب اس وقت امریکی صدر ٹرمپ کے اشاروں پر کام کررہا ہے۔
اس سے پہلے اسرائیل کی ہوائی کمپنی ایل ایل نے بھی صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو سے کہا تھا کہ ہندوستان تک پہنچنے کے لئے سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرنے کی غرض سے سعودی حکومت سے اجازت لے لے۔
بعض عرب ملکوں منجملہ سعودی عرب نے گذشتہ مہینے کے دوران صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کو کھل کر برقرارکرنے کی کوشش کی ہے جبکہ صیہونی حکومت مسلمانوں کی سب سے بڑی دشمن ہے۔
