فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اپنے ایک بیان میں الشیخ یوسف القرضاوی نے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے غیرانسانی سلوک کو عالم اسلام اور پوری دنیا کے لیے باعث تشویش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اراکان میں نہتے مسلمانوں کو مسلح فوج اور پولیس نے بے دردی کے ساتھ قتل کررہی ہے وہ کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ عالم اسلام اور عرب دنیا کی طرف سے اراکان کے مسلمانوں کے دفاع کے لیے کوئی موثر اقدام نہیں کیا گیا۔ اس لیے روہنگیا مسلمانوں کے قتل ناحق میں عالم اسلام بھی قصور وار ہے۔
سرکردہ عالم دین نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم پوری مسلم امہ کے لیے آزمائش ہیں۔ اگر آج بھی مسلمان متحد نہ ہوئے مسلم دنیا کو شرمندگی اور خجالت سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچا سکتی۔ مسلمان حکمرانوں کو اللہ کے سامنے بھی روہنگیا مسلمانوں پر مظالم پر جواب دہی کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں روہنگیا کی فوج اور پولیس کی طرف سے وہاں کے مسلمانوں پر مظالم پر حیرت نہیں بلکہ مقام حیرت عالم اسلام کا وہ منفی کردار اور مجرمانہ غفلت ہے جس کے نتیجے میں برما کے مسلمانوں کو مظالم سہنا پڑ رہے ہیں۔
علامہ یوسف القرضاوی نے پوری مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ برما کے مسلمانوں کے لیے آواز بلند کریں۔ مظلوم مسلمانوں کے لیے دل کھول کر امداد دیں اور پرامن احتجاج کے ذریعے برما کی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ برما سمیت دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کی نصرت اور مدد عالم اسلام پر واجب ہے۔
