مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) روس کے وزیراعظم دیمتری میڈویدوف فلسطین اور اسرائیل کے تین روزہ دورے پر گذشتہ شب صہیونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب پہنچے ہیں جہاں وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کے ساتھ ساتھ دیگر حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ غرب اردن میں قائم فلسطینی اتھارٹی کےہیڈ کواٹر رام اللہ کا بھی کریں گے جہاں ان کی ملاقات صدر محمود عباس سے متوقع ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے سرکاری ریڈیو کی جانب سے نشر کی گئی ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو روسی وزیراعظم نے صدر روؤف ریفلین سے ملاقات کی۔ بعد میں ان کی ملاقات وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے ہوگی۔ اس دوران وہ اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یتزحاق ہرٹزوگ سے بھی ملیں گے۔
روسی حکومت کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم دورہ اسرائیل کے دوران بیت المقدس میں اسرائیلی اداروں کا بھی وزٹ کریں گے اور دیوار گریہ(دیوار براق) کا بھی دیدار کریں گے۔
آج شام کو وہ اریحا پہنچیں گے جہاں ان کی ملاقات فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے ہوگی۔