مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) گذشتہ ہفتے شام میں اسدی فوج کی جانب سے غلطی سے روسی جنگی طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعے کے بعد اسرائیل اور روس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق روس نے شام میں اپنے جنگی جہاز’ایل 20‘ کے حادثے کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے صیہونی ریاست کی طرف سے تیار کردہ رپورٹ مسترد کردی ہے۔عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ کے مطابق روس کے ساتھ کشیدگی کا معاملہ گذشتہ روز کابینہ کی سیاسی و سیکیورٹی کمیٹی میں زیربحث آیا۔ اس موقع پر اسرائیلی وزراء نے روس کے ساتھ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق روس کی طرف سے اسرائیل کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکا میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے روس کے ساتھ طیارہ حادثے کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی مگر روس نے دوٹوک الفاظ میں الزام عائد کیا ہے کہ طیارہ حادثے کا سبب اسرائیل تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے شام میں سرکاری فوج نے ’ایس 300‘ میزائل کے ذریعے روس کا ایک جنگی طیارہ غلطی سے مار گرایا تھا جس کے نتیجے میں 14 روسی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ روس نے اس حملے کی ذمہ داری اسرائیل پرعائد کی ہے۔